۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
علامہ مقصود ڈومکی

حوزہ/ قائد کا پاکستان مسلکی پاکستان نہیں تھا بلکہ مسلم پاکستان تھا جس میں تمام مکاتب فکر کے مسلمانوں نے مل کر جدوجہد کی جو اتحاد بین المسلمین کی عملی تصویر تھا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جیکب آباد/ سٹی آف نالج پبلک اسکول جیکب آباد میں بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی 73 ویں برسی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ قائد اعظم برصغیر کے مسلمانوں کے عظیم رہنما تھے جنہوں نے اپنی جدوجہد کے ذریعے قوم کو انگریز کی غلامی سے نجات دلائی اور پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الااللہ کے نعرے کے تحت اسلام کے نام پر ایک ملک قائم کیا۔ قائد کا پاکستان مسلکی پاکستان نہیں تھا بلکہ مسلم پاکستان تھا جس میں تمام مکاتب فکر کے مسلمانوں نے مل کر جدوجہد کی جو اتحاد بین المسلمین کی عملی تصویر تھا۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی مخالفت کرنے والوں نے اس عظیم قائد کے خلاف بھی تکفیری نعرے بلند کئے وہ آج بھی تکفیری سوچ اور نعروں کے ذریعے مسلمانوں کے درمیان نفرتیں پھیلا رہے ہیں ہمیں متحد ہو کر نفرتوں کے سوداگروں کو شکست دینی ہوگی جو قائد اعظم کے پاکستان کی شناخت پر حملہ آور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کے باوفا بیٹے ان کی اس مقدس امانت وطن عزیز پاکستان کے چپے چپے کے محافظ ہیں اور قائد نے پاکستان کی تعمیر و ترقی کا جو خواب دیکھا تھا اس کی تعبیر کریں گے۔ہم قائد اعظم کی 73 ویں برسی پر بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح اور مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی روح سے عہد کرتے ہیں کہ وطن عزیز پاکستان کی تعمیر و ترقی اور عزت و سربلندی کے لئے جدوجہد کریں گے اور وطن دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .